آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے

🌾آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے 🌾
(حضرت امیر ِشریعت تامل ناڈو زھد واستغنإ کا عظیم پیکر )
فخر ِجنوب عمدة الخلف بقیة السلف نمونہٕ جنید وبایزید یادگار ِاسلاف ِدیوبند امیر شریعت حضرت مولانا یعقوب صاحب مدراسی رحمہ اللہ کی رخصت جنوب میں ایک عہد کا خاتمہ ہے
جن سے قدیم اکابر واسلاف کی ایک سنہری تاریخ جڑی ہوٸی تھی
اگر یہ کہا جاٸے کہ جنوب میں منہاج ِاکابر اور مزاجِ اسلاف کی ایک جیتی جاگتی تصویر تھے تو اس میں کوٸی مبالغہ نہیں ہوگا
اس لٸے کہ آپکی درد آمیز جدو جہد آپکا سلجھا ہوا طریقہٕ کار آپکا رہن سہن اور آپکی پاکیزہ زندگی  خلوص وللہیت اور زھد واستغنإ سے عبارت تھی
آپ جامعہ باقیات صالحات ویلور کے قابلِ قدر فاضل ہونے اور وہاں کے علمإ  واساتذہ کے ذوق ومشرب کے کچھ مختلف ہونیکے باوجود آپ نے اپنے اساتذہٕ دارالعلوم کے مزاج ومذاق کو نہ صرف اپنایا بلکہ اکابر ینِ دیوبند کے متعلق پیدا شدہ غلط فہمیوں اور بدگمانیوں کو تمام تر مخالفتوں کے باوجود بڑے ہی حسن ِتدبیر کے ساتھ دور بھی کیا اور اسکو اپنی تحریر وتقریر کے
ذریعے خوب واضح بھی کیا

 یہ آپکا اہل ِجنوب پر ایسا احسان ہے جسے کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا
آپکا وجود ِمسعود بالعموم پورے جنوب کے لٸے اور بالخصوص خطہ ٕتامل ناڈو کے لٸے ایک نعمت ِغیر مترقبہ تھا بلکہ اہل مدارس کی آرزوٸیں اور امیدیں آپ سے وابستہ تھیں

آپ نے ایک طرف جہاں درس وتدریس کے میدان سے طالبان ِعلوم نبوت کو مستفیض کیا  دارالعلوم سبیل الرشاد بنگلور جامعہ باقیات صلحات ویلور اورمدرسہ کاشف الھدی مدراس کی مسندِتدریس سے آپ نے تشنگانِ علوم تک اپنا فیض پہنچایا اور عوام الناس کی رہبری ورہنماٸی کے لٸے  میل وشارم کی معروف پاکتنی مسجد کے منبر سے اپنے قیمتی اور فکر انگیز خطابات کا سلسلہ جاری رکھاوہیں دوسری جانب ملی اور قومی مساٸل کے حل کے لٸے موقعہ بموقعہ امارت ِشرعیہ   مسلم پرسنل لإ بورڈ اور جمعیت علمإھند  وغیرہ  اکابر کے قاٸم کردہ اداروں کے ذریعے اپنی یادرگار بے لوث  خدمات انجام دی
 آپ ایک روحانی اور اہلِ دل اہلِ درد شخصیت کے مالک تھے آپ جنوب کے معرروف ادارے مدرسہ مفتاح العلوم میل وشارم کے سرپرست اعلی تھے ادارے کی ترقیات میں آپکی دعاوں توجہات اور رہنماٸی کا بڑا دخل ہے
مسلک ِصحیح کے تحفظ اور نت نٸے فتن کے تعاقب کے لٸے آپ ہمیشہ فکر مند رہتے اوراہل ِمدارس اور ارباب ِ حل وعقد کو باربار اسکی طرف توجہ دلاتے رہتے جسکی وجہ سے پورا علاقہ حساس رہتا تھا آپ کٸی مدارس کے سرپرست کٸ تنظیموں کے نگران اور کٸی جید الاستعداد بافیض علمإ کے استاذ تھے 
ان جملہ اوصاف ِستودہ کے ساتھ آپکا خصوصی وصف  سادگی وقناعت پسندی اور زھد واستغنإ تھا
بڑے بڑے اہل ثروت سرمایہ داروں کے آپکے ارد گرد رہنے اور آپکے ان سے بزرگانہ ورہبرانہ تعلقات کے باوجود آپ نے دنیا کو ہمیشہ اپنے سے دور رکھا اور بے نیازی اور شان ِاستغنا           کےایسےمظاھرے پیش کٸے کہ چشم ِعالم حیرت زدہ ہے
آپکی بے داغ  سادگی اور گمنامی واخفإ پسندی اورآپکا سادہ لباس ایک طرف حضرت نانوتوی ؒکی یاد تازہ کراتا تھا تو آپکی بے نیازی قطب عالم حضرت گنگوہیؒ کی عکاسی کرتی تھی اور  آپکی جرأت وحمیت شیخ الاسلام حضرت مدنی ؒکی تصویر پیش کرتی تھی
آپ حضرت شیخ الاسلام  مدنی ؒکے عاشق زار تھے آپکی روحانی مجلسیں ہوں یا علمی وتحقیقی بیانات یا پند ونصاٸح کے  موقعے  ان اکابر کے پاکیزہ تذکروں سے بالخصوص حضرت شیخ الاسلام ؒکے والہانہ وعقیدتمندانہ ذکر سے کبھی بھی خالی نہیں  ہوتے تھے
ہم نے اپنے اکابر کو حضرت ہی کے پرسوز اور دل گدازبیانات سے ہی پہچانا ہے جتنا پڑھا تھا اس سے زیادہ حضرت کے چشم دیدہ واقعات اور بیانات سے سمجھا اور سیکھا ہے
ہم نے اپنی آنکھوں سے
 بڑے بڑے مرجع الخلاٸق جلیل القدر اکابر علمإ حضرت فداٸے مولانا اسعد مدنیؒ حضرت مولانا مرغوب الرحمن ؒصاحب حضرت جانشین شیخ الاسلام مولانا ارشد مدنی حضرت مولانا پیر طلحہ صاحب سہارنپور اور جملہ اکابرین دارالعلوم ومظاھر العلوم کو آپکے ساتھ انتہاٸی قدر واحترام کے ساتھ پیش آتے دیکھا ہے
یہ حضرت والا کے اکابر کے یہاں انکے  مقام ومرتبے کا پتہ دیتا ہے
آج حضرت والا اپنی اس جہد ِمسلسل کے سلسلے کو منقطع کرکے اپنے مالک حقیقی سے جاملے فرحمہ اللہ رحمة واسعة
 یقینا آپکا بدل ملنا  تو مشکل ہے خداٸے خبیر آپکی لحد ِمباک پر رحمتوں کی  برسات برساٸے اور قدسیانِ ِرحمت آپکے مسکن کی نگہبانی کرےاور آپکو اپنے قرب کے مراتبِ عالیہ میں تمکن عطا  فرماٸے آمین ثم آمین
آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے
سبزہٕ نورستہ اس گھر کی نگہبانی کرے
(سید حسن ذیشان قادری مفتاحی )
خادم جمعیت علمإ ضلع راےچور کرناٹک

Comments

Popular posts from this blog

ہاں میں بدرالدین اجمل ہوں

امیر جماعت مولانا سعد صاحب کے ساتھ کون؟